میرے لیے اس "دھرنا ایپیسوڈ" میں پاکستانی سیاست کے حوالے سے کچھ خدشات ہیں، بالترتیب (بلڈ پریشر بڑھنے کے لحاظ سے
)
1۔ کیا یہ صرف ایک وقتی کاروائی تھی اگر تھی تو رسیدہ بُود بلاے ولے بخیر گذشت، اللہ اللہ خیر صلیٰ، کام تمام ہوا۔
2۔ کیا اس کا مقصد ممکنہ 2018ء الیکشنز میں ایک سنی بریلوی انتخابی پریشر گروپ بنانا ہے، اگر ایسا ہے تو یہ نون لیگ کے ووٹ بینک کو متاثر کرے گا۔ کیوں کہ یہ سنی بریلوی حنفی اکثریت پنجاب کے دیہاتوں میں زیادہ کارگر ہے اور وہاں محض ایک مسجد کا خطیب جمعے کے خطبے میں آتش فشانی دکھا سکتا ہے۔ یہ فتوے بھی دے سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کو دیہات میں زیادہ ووٹ نہیں ملے تھے سو اگر ایسا ہوا تو یقینی طور پر نون لیگ متاثر ہوگی۔
3۔ کیا اس کا مقصد اگلے الیکشنز کو کم از کم چھ ماہ کے لیے ملتوی کرنا تھا؟ اگر کچھ ایسا تھا تو ابھی مزید قسطیں دیکھنے کو ملیں گی۔ ایک ریٹائڑڈ جنرل صاحب ہیں جن کا (کم از کم میری نظر میں) ابھی پاکستان میں کیرئیر ختم نہیں ہوا۔ وہ نومبر 2018ء تک ڈائریکٹ سیاست میں نہیں آ سکتے لیکن وہ ابھی متحرک ہیں۔ ریٹائرڈ آرمی چیف کی پاکستانی سیاست میں اہمیت کم و بیش صفر ہو جاتی ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ ان کو سعودی شاہان کی پشت پناہی حاصل ہے، پاکستانی سیاست میں سعودی پشت پناہی ایک اہم فیکٹر ہے۔
4۔ کیا یہ بریلوی عسکریت کی پہلی قسط تھی جو اگلے کئی برسوں اور دہائیوں میں بتدریج پروان چڑھے گی؟ اگر ایسا ہے تو خدانخواستہ انتہائی برا ہے کیونکہ بریلوی نہ صرف اکثریت میں ہیں بلکہ انتہائی جذباتی بھی ہیں۔ یہ دیو بندیوں کی طرح منظم تو نہیں ہیں لیکن ان کے مقابلے میں بہت حد تک حدود و قیود سے آزاد ہیں اور بپھر کر کچھ بھی کر سکتے ہیں۔
اللہ کرے یہ صرف نمبر ایک والا خدشہ ہی ثابت ہو۔