یہ دل اگر کبھی اذنِ کلام مانگتا ہے
تو وہ سمجھتے ہیں شاید مقام مانگتا ہے
ہمارا مسئلہ یہ ہے مذاق کس سے کریں؟
پرانا دوست تو اب احترام مانگتا ہے
ندیم بھابھہ
کوئی شکوہ نہیں کرتے تھے خدا سے پیاسے
ہائے کربل میں محمدﷺ کے نواسے پیاسے
شام والو! یہ نبی پاکﷺ کی اولاد سے ہیں
شام کو آئے ہیں جو کرب و بلا سے پیاسے
احسن سلیمان
ہر دکھ مجھے قبول، مگر یہ ستم نہ ہو
یا رب! بچھڑتے وقت بھی وہ آنکھ نم نہ ہو
یہ کیا کہ ساری رات کٹے جاگتے ہوئے
اور پھر بس ایک شعر ہو اس میں بھی دم نہ ہو
احسن سلیمان
ہم تو عاشق ہیں ہمارا تو چلو کام سہی
سجدے اس شہر کا دستور نہ ہو جائیں کہیں
آپ کے عشق میں ہم ہو تو گئے آپ ہی آپ
آپ کے نام سے مشہور نہ ہو جائیں کہیں
راحیل فاروق
استادِ محترم انور مسعود کا ایک قطعہ آپ کی نذر
وہ چکھ سکتی نہیں ہے ایک ماشہ بھی سموسے کا
میں کھا سکتا نہیں رتی برابر بھی شکر قندی
تِرے آزاد بندوں میں مِری زوجہ نہ میں مولا
نمک کی اُس کو پابندی، مجھے میٹھے کی پابندی
انور مسعود
استادِ محترم انور مسعود کا ایک قطعہ آپ سب کی نذر
ہر شخص کو زبانِ فرنگی کے باٹ سے
جو شخص تولتا ہے سو ہے وہ بھی آدمی
افسر کو آج تک یہ خبر ہی نہیں ہوئی
اردو جو بولتا ہے سو ہے وہ بھی آدمی
انور مسعود
مجھ کو تسلیاں نہ دے، رویا نہیں ہوں میں
لالی ہے یہ جو آنکھ میں، سویا نہیں ہوں میں
ہونے کو مجھ سے کیا نہیں ہوتا مگر یہاں
بیٹھا ہوں تیری بزم میں "گویا" نہیں ہوں میں
عاطف جاوید عاطف
ایزی لوڈ
دل کی سِم میں جانِ جاں
جس قدر بھی بیلنس تھا
قرض تھا محبت کا
خرچ کر دیا ہم نے سانس کی تجارت میں
کیش کے زمانے میں
ادھار کون دیتا ہے؟
دھڑکنوں کا ایزی لوڈ یار کون دیتا ہے
عاطف جاوید عاطف